ویب ڈیسک: سوشل میڈیا پر ایک نئی وائرل ویڈیو نے انٹرنیٹ پر مشہور مگر متنازع شخصیت چاہت فتح علی خان کو ایک بار پھر عوامی تنقید کا نشانہ بنا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تازہ منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں انہیں اسٹیج اداکارہ خوشبو کے ہمراہ رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جو کہ ان کے معروف گانے "بدو بدی" پر انجام دیا گیا۔ ویڈیو میں خوشبو ابتدا میں خوش مزاجی سے رقص میں شریک نظر آتی ہیں، تاہم ایک موقع پر جب چاہت فتح علی خان نے انہیں چھونے کی کوشش کی تو اداکارہ نے فوراً پیچھے ہٹتے ہوئے خود کو علیحدہ کر لیا اور رقص جاری رکھا۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی اور صارفین کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا۔ ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا: "پہلی بار خوشبو کو کسی کے ساتھ خوفزدہ دیکھا ہے۔"
واضح رہے کہ چاہت فتح علی خان 2024 میں گانے "بدو بدی" کی وجہ سے غیر معمولی شہرت حاصل کر چکے ہیں، جسے صرف ایک ماہ میں 27 ملین سے زائد مرتبہ دیکھا گیا تھا، تاہم بعد میں یوٹیوب نے اسے کاپی رائٹ خلاف ورزی کی بنیاد پر ہٹا دیا۔ اس کے بعد سے وہ مختلف متنازع مواد کے ذریعے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
عوامی تنقید کا رخ صرف چاہت فتح علی خان ہی نہیں بلکہ اداکارہ خوشبو اور ان کے شوہر ارباز خان کی طرف بھی رہا۔ بہت سے افراد نے ان کی اقدار اور کردار پر سوالات اٹھائے۔