ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اسٹار کھلاڑی اور سابق کپتان شعیب ملک ڈومیسٹک کرکٹ مینٹور نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کر دیا ہے، انہوں نے دو ہفتے قبل پی سی بی کو اپنے استعفے سے باقاعدہ طور پر تحریری طور پر آگاہ کیا تھا۔
انسٹاگرام پر اپنے پیغام کو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا، لیکن پیشہ ورانہ اور ذاتی مصروفیات کو مدنظر رکھتے ہوئے، وہ اب اس کردار کے ساتھ انصاف کرنے سے قاصر ہیں۔ "میں چاہتا ہوں کہ ہر فریق کے ساتھ انصاف ہو، اور یہی وقت ہے کہ میں یہ ذمہ داری کسی اور کے حوالے کر دوں جو اس عہدے پر توجہ دے سکے،۔
سابق مینٹور نے کہا کہ وہ اپنی معاہدے کی مدت مکمل کریں گے تاکہ پی سی بی کو اگلے سیزن سے قبل نئے مینٹور کی تقرری کے لیے مناسب وقت مل سکے، شعیب ملک نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، ایگزیکٹو ٹیم، وہاب ریاض، کوچنگ اسٹاف، اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان پر اعتماد کیا اور ان کے ساتھ کام کیا۔
اپنے پیغام میں شعیب ملک نے مزید لکھا کہ ’’ پاکستان کے باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنا میرے لیے ایک ناقابلِ فراموش تجربہ رہا، جسے میں ہمیشہ یاد رکھوں گا،‘‘
انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ مستقبل میں کسی بھی حیثیت میں پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ شعیب ملک نے کہا کہ "کرکٹ میرے خون میں شامل ہے، اور میں پاکستان کرکٹ کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتا رہوں گا،" ان کا کہنا تھا۔
