ایرانی مسلح افواج کسی بھی منظر نامے کیلئے تیار ہیں ، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

ایرانی مسلح افواج کسی بھی منظر نامے کیلئے تیار ہیں ، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

(ویب ڈیسک) ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ایران کی مسلح افواج کسی بھی منظر نامے کیلئے تیار ہیں، ایران سے دشمنی کی جرات کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی۔

اسماعیل بقائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا کہ دنیا بربریت اور تسلط کو مسترد کرتی ہے تو ایران کے حق میں آواز بلند کرے، دنیا عملی اقدام کرے اس سے قبل کہ جارح قوتیں دنیا کو لاقانونیت اور محکومیت کے گڑھے میں دھکیل دے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اسرائیل نے 28 فروری کو ایران پر جو جنگ مسلط کی یہ محض زمین یا وسائل کی خاطر نہیں، یہ جنگ اس وقت اور آنیوالے دور میں اچھائی، برائی کے معنی متعین کرےگی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران پر سال میں دوسری بارحملہ کرنیوالے ہر جنگی قانون کی خلاف ورزی پر خوشیاں مناتے ہیں، پرامن ایرانی قوم پر حملہ کرنے والے اپنے کھیل کیلئے لوگوں کو قتل کرتے ہیں، یہ لوگ خواتین کے اسپورٹس ہال پر میزائل برسا کر ان کی تباہ کن طاقت کو جانچ سکیں۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ دوسری طرف وہ ایرانی ہیں جو ہر حد تک جاکر بےگناہوں کی جانوں کو بچاتے ہیں، جنگ پیشہ ور جھوٹوں اور اپنے وطن کا دفاع کرنیوالے فاخر لوگوں کے درمیان ہے، ایسے لمحے میں خاموشی بھی برائی کا ساتھ دینے کے مترادف ہوتی ہے۔

Watch Live Public News