ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے استعفے پر اعتراض پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں استعفوں پر دستخط میرے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے سبکدوش ہونے والے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اپنے دو استعفوں پر دستخط کی تصدیق کر دی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہماری قانونی ٹیم نے گورنر کے خط کے تناظر میں مشاورت شروع کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی اس سے قبل 8 اکتوبر کو استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق کی تھی۔علی امین گنڈا پور نے واضح کیا کہ میں اپنے دونوں استعفوں پر دستخطوں کی تصدیق کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ گورنر خیبرپختونخوا نے علی امین گنڈا پور کی طلبی کا خط بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر کے پی کی جانب سے جاری کردہ خط کے بعد آج نئے قائد ایوان کا انتخاب مشکوک ہو گیا ہے۔