(ویب ڈیسک ) ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق جنوبی پنجاب میں آسمانی بجلی گرنے سے اموات کی تعداد 21 ہو گئی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 9 مرد 5 خواتین اور بچوں کی تعداد 7 ہے۔ مظفر گڑھ، رحیم یار خان،راجن پور،لودھراں ،بہاولپور اور بہاولنگر میں آسمانی بجلی گرنے کے سانحات پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بہاولنگر 3 بہاولپور 3 اور رحیم یار خان میں آسمانی بجلی گرنے سے 9 افراد جا ں بحق ہوئے۔مظفر گڑھ 1راجن پور 1 کوٹ ادو 1 اور لودھراں میں 3 افراد آسمانی بجلی سے جاں بحق ہوئے جبکہ آسمانی بجلی کی وجہ سے 5 افراد زخمی بھی ہوئے ۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی معاونت کی جائے گی۔ انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے۔ قدرتی آفات کا مقابلہ ملکر اور باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے۔ شہری خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ طوفانی بارشوں اور بجلی کی گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔ ریسکیو سمیت تمام ادارے الرٹ رہیں ۔ سفر سے پہلے موسم کی صورتحال کا جائزہ لیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں ۔ ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔