ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ عمران خان کی بدقسمتی ہے کہ سلمان اکرم راجا جیسے لوگ پارٹی پر مسلط ہوگئے ہیں، جو پارٹی کے اتحاد کو پارہ پارہ کر چکے ہیں.
تفصیلات کےمطابق نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سابق رہنما شیر افضل مروت نے کہا کہ جس طرح سے پارٹی کا شیرازہ بکھیرا گیا ہے، پارٹی کے سینیئرز بھی مایوس ہو چکے ہیں، وہ لوگ بھی خاموش ہیں جن کی ذمہ داری تھی کہ وہ خان کو جاکر بتائیں کہ پارٹی کا کیا حشر نشر کردیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں آپ نے صُمّم بُکْم بیٹھائے ہیں جو نہ خود نکلتے ہیں نہ کسی کو نکال سکتے ہیں، پہلے ہم منہ بند رکھتے تھے کہ ڈسپلن ڈسپلن، اب ہم ڈسپلن کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔
شیر افضل مروت کا ایکس پر کہنا تھا کہ ’’ پاکستان کی عدلیہ سے تو کوئی امید نہیں ہے۔ عدلیہ کا تو حشر ہی بگاڑ دیا ہے۔ عدلیہ اب اس ملک میں انصاف دینے کے قابل نہیں رہی۔‘‘

ایک اور ایکس پوسٹ میں کہا کہ ’’ عمران خان کی بدقسمتی ہے کہ سلمان اکرم راجہ جیسے لوگ پارٹی پر مسلط ہوگئے ہیں، جو پارٹی کے اتحاد کو پارہ پارہ کر چکے ہیں، نہ احتجاج کے قابل چھوڑا، نہ مذاکرات کے قابل چھوڑا۔ خان اور پارٹی اللہ کے رحم وکرم پر چھوڑ دیئے گئے ہیں۔‘‘

شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ ’’ امریکی کانگریس مین کی جانب سے پاکستان میں انسانی حقوق اور عدلیہ کی آزادی کے حوالے سے تحفظات بالکل ٹھیک ہیں۔ پاکستان نے انٹرنیشل معاہدے سائن کیے ہیں اور اس کے تحت انسانی حقوق کے تحفظ کی گارنٹی دینی ہے۔‘‘
