(ویب ڈیسک ) گوجر خان میں شادی کی تقریب میں مضر صحت کھانا کھانے سے سینکڑوں افراد ہسپتال پہنچ گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق گوجرخان کے علاقہ ڈھونگ میں شادی کی تقریب میں مضر صحت کھانا کھانے سے ساڑھے پانچ سو کے قریب افراد بیمار ہوکر ہسپتال پہنچ گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر گوجر خان کا نوٹس:
گوجرخان کے علاقے ڈھونگ میں فوڈ پوائزنگ کے معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان نے نوٹس لے لیا۔ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجرخان سمیت ڈھونگ کے تمام قریبی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
فوڈ پوائزنگ کا واقعہ سخاوت چوہان کے صاحبزادے ثاقب چوہان کے ولیمے میں پیش آیا۔
اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان خضر ظہور گورائیہ بنیادی ہیلتھ مرکز ڈھونگ پہنچ گئے۔۔ سی ای او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر آصف بی ایچ یو بھی ڈھونگ پہنچ گئے۔
کیٹرنگ آفس تراٹی کو سیل کرکے کیٹرنگ کے انچارج عمیر کو گرفتار کر لیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر کے مہینے میں بھی گوجر خان میں شادی کا کھانا کھانے سے متعدد باراتی بیمار ہوگئے۔یہ واقعہ گوجر خان کے نواحی قصبہ آہیر میں پیش آیا تھا۔