ویب ڈیسک: آرپریماداسااسٹیڈیم کولمبو میں واقع ایک تاریخی کرکٹ اسٹیڈیم ہے جو پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ٹی20 فارمیٹ میں خوشگوار یادوں کا حامل میدان ثابت ہوا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گرین شرٹس نے اس میدان میں اب تک 8 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے، جن میں سے 5 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 3 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، یوں مجموعی ریکارڈ پاکستان کے حق میں رہا۔
پاکستان نے اس اسٹیڈیم میں اپنی پہلی ٹی20 فتح 2009 میں میزبان سری لنکا کے خلاف 52 رنز کی بڑی کامیابی کی صورت میں حاصل کی، جو اب تک اس گراؤنڈ پر اس کی سب سے بڑی جیت بھی ہے۔
2012 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران یہی میدان کئی سنسنی خیز مقابلوں کا مرکز بنا۔ پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 2 وکٹوں سے اور آسٹریلیا کو 32 رنز سے شکست دے کر شاندار کارکردگی دکھائی۔ تاہم اسی ایونٹ میں بھارت کے ہاتھوں 8 وکٹوں اور سری لنکا کے خلاف 16 رنز سے ناکامی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
بعد ازاں 2015 میں پاکستان نے ایک مرتبہ پھر سری لنکا کے خلاف اسی میدان میں اپنی برتری ثابت کی اور دو میچز اپنے نام کیے۔ ان میں ایک فتح ایک وکٹ کے سنسنی خیز فرق سے حاصل ہوئی جبکہ دوسرے مقابلے میں 29 رنز سے کامیابی سمیٹی گئی۔ ان نتائج نے اس گراؤنڈ پر پاکستان کے مثبت ریکارڈ کو مزید مضبوط بنایا۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق نسبتاً سست اور اسپن کے لیے سازگار وکٹ اکثر پاکستانی بولرز کے لیے مددگار ثابت ہوئی ہے، جبکہ بیٹنگ لائن نے بھی اہم مواقع پر ذمہ دارانہ کھیل پیش کر کے ٹیم کو کامیابیاں دلائیں۔
مجموعی طور پر دیکھا جائے تو آر پریماداسا اسٹیڈیم پاکستان کے لیے ایک خوش قسمت میدان رہا ہے جہاں ٹیم نے زیادہ تر مواقع پر بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے اہم فتوحات اپنے نام کیں۔