ویب ڈیسک: فرانس نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے ماہ 6 فروری کو گرین لینڈ میں اپنا قونصل خانہ کھولے گا۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کی جانب سے آرکٹک خطے میں اثر و رسوخ بڑھانے کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نویل باریو نے بدھ کے روز بتایا کہ گرین لینڈ میں قونصل خانہ قائم کرنے کا منصوبہ گزشتہ سال سے زیر غور تھا، جس پر اب باضابطہ طور پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
فرانسیسی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ گرین لینڈ کو بلیک میل کرنا یا اس خود مختار ڈینش علاقے پر کنٹرول حاصل کرنے کی خواہش کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو ایسے بیانات اور اقدامات سے گریز کرنا چاہیے۔
ژاں نویل باریو نے آر ٹی ایل ریڈیو سے گفتگو میں کہا کہ کسی دوسرے نیٹو رکن کے خلاف جارحانہ طرزِ عمل نہ صرف غیر منطقی ہے بلکہ یہ خود امریکہ کے مفادات کے بھی خلاف ہوگا، اس لیے اس قسم کی بلیک میلنگ کو ختم ہونا چاہیے۔
ماہرین کے مطابق فرانس کا یہ قدم آرکٹک خطے میں بڑھتے ہوئے عالمی سیاسی اور معاشی مفادات کے تناظر میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔ گرین لینڈ، جو ڈنمارک کا خود مختار علاقہ ہے، قدرتی وسائل اور اسٹریٹجک محل وقوع کے باعث عالمی طاقتوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گرین لینڈ کو خریدنے یا اس پر کنٹرول حاصل کرنے کے بیانات سامنے آ چکے ہیں، جن پر عالمی سطح پر شدید ردِعمل اور تنقید کی گئی تھی۔