ویب ڈیسک: امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف آج سے ’اقتصادی ڈی ڈے‘ کا آغاز ہورہا ہے، جسے انہوں نے کسی مخالف کے خلاف امریکا کی اب تک کی سب سے بڑی مالی کارروائی قرار دیا ہے۔
اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی فوجی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور تقریباً 100 فیصد فوجی فیکٹریاں تباہ کردی گئی ہیں، جبکہ ایران کا جوہری پروگرام بھی ختم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اب ایران کے خلاف فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے اور نئی اقتصادی کارروائی کا مقصد تہران کو مزید معاشی طور پر تنہا کرنا اور حکومت کی مالی معاونت کے ذرائع منقطع کرنا ہے۔
اسکاٹ بیسنٹ نے مزید کہا کہ امریکا ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کے لیے اپنے تمام دستیاب حکومتی اختیارات استعمال کرے گا۔ انہوں نے ایران کے ساتھ معاشی روابط رکھنے والے ممالک اور اداروں کو بھی ممکنہ کارروائی سے خبردار کیا ہے۔