ایران کیخلاف امریکی معاشی جنگ میں مدد کرنے والوں کو نشانہ بنائینگے، محسن رضائی

ایران کیخلاف امریکی معاشی جنگ میں مدد کرنے والوں کو نشانہ بنائینگے، محسن رضائی

(ویب ڈیسک) ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ میجر جنرل محسن رضائی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی معاشی جنگ میں تعاون کرنے والے ممالک کے مفادات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

ایک انٹرویو میں محسن رضائی نے پڑوسی ممالک کو متنبہ کیا کہ وہ امریکا کے ساتھ ایران کے خلاف معاشی جنگ میں شریک نہ ہوں، بصورت دیگر ایران انہیں بھی دشمن تصور کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران جنگ کو وسعت نہیں دینا چاہتا، تاہم اگر خطے کے ممالک نے امریکا کی معاشی پابندیوں اور اقدامات میں تعاون کیا تو ان کے مفادات کو نقصان پہنچایا جا سکتا ہے۔

محسن رضائی نے دعویٰ کیا کہ ایران خلیج فارس اور آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق خلیج فارس سے تیل کی درآمد کے لیے استعمال ہونے والے دیگر راستوں کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکا نے ایرانی حکومت کے مخالف گروہوں سے ملاقاتیں جاری رکھیں تو ایسے مقامات کو بھی حملوں کا نشانہ بنایا جائے گا۔

ایرانی عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ امریکا کو توقع تھی کہ وہ چند روز میں جنگ ختم کرکے ایران کے تیل اور گیس کے وسائل پر قبضہ کرلے گا، تاہم ان کے بقول جنگ کے نتیجے میں 1200 آئل ٹینکرز استعمال کے قابل نہیں رہے اور عالمی فلیٹ کا تقریباً 15 فیصد ناکارہ ہوگیا۔

محسن رضائی نے کہا کہ تہران کو تنازع کے دوران اپنے مؤقف کے اظہار اور دنیا کے ساتھ سفارتی رویے میں تبدیلی لانی چاہیے، کیونکہ ان کے مطابق امریکا نے اپنے وعدوں اور معاہدوں کی پاسداری نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ جنگ سے پہلے والا ایران اب موجود نہیں اور سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی جانب سے نئی فوجی تقرریاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ایران آئندہ کسی بھی جنگ کے لیے تیار ہے۔ ان کے مطابق ایرانی نوجوانوں میں بھی امریکا کے بارے میں یہ تاثر تبدیل ہوچکا ہے کہ وہ امن کا خواہاں ملک ہے۔

محسن رضائی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے دیگر ممالک میں ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی خواہش بڑھ سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے بارے میں عالمی نقطہ نظر بھی تبدیل ہوا ہے اور تہران آئندہ جنگ میں اپنے حالیہ تجربات سے فائدہ اٹھائے گا۔

پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مکہ معاہدے سے متعلق سوال پر محسن رضائی نے دعویٰ کیا کہ اس معاہدے سے یہ تاثر ملتا ہے کہ امریکا نے ان ممالک کو خطے سے اپنی ممکنہ پسپائی سے آگاہ کردیا ہے۔

Watch Live Public News