(ویب ڈیسک )محمد شکیل خان : پی سی بی ڈیجیٹل کے ساتھ گفتگو میں کرکٹر حسن نواز نے کرکٹ کےاپنے سفرکےبارے میں بات کی۔
حسن نواز کا کہنا تھا کہ وہ ابھی کراچی میں لگنےوالے کیمپ میں اپنی غلطیوں پر قابوپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جو غلطیاں پی ایس ایل اور نیوزی لینڈ سیریز میں ہوئیں وہ دور کر رہا ہوں کیونکہ آگے بنگلہ دیش سیریز ہے اور سارا فوکس بنگلہ دیش سیریز پر ہے۔
حسن نواز نے کہاکہ پاکستان کی طرف سے کھیلنا ایک خواب کی طرح لگتا ہے ، مگر حسن کا یہ خواب کس نے پورا کیا حسن نے وہ بھی بتا دیا۔
مشکل دنوں کے حوالے سے حسن نوازنے کہاکہ کرکٹ کا شوق بچپن سے تھا اور یہ شوق پورا کرنے کے لئے بڑی بہن نے مدد کی۔ بڑی بہن کو کہا کہ کرکٹ کا شوق ہے تو انہو ں نےلیہ سے اسلام آباد اپنے پاس بلوا لیا۔ اسلام آباد میں قیام کے دوران کرکٹ کا سارا خرچہ بھی بڑی بہن نے اٹھایا۔
حسن نواز نے کہاکہ میری بہن مجھے اکیڈمی خود لینے اور چھوڑنے آتی تھی۔ اب جب انٹرنیشنل کرکٹر بن گیا ہوں تو امی بتاتی ہیں کہ والد صاحب سارا دن بیٹھ کر میرے میچز دیکھتے رہتے ہیں۔
پہلی بار پاکستان ٹیم اور ڈریسنگ روم کھلاڑیوں کےساتھ شیئرکرنےپر حسن نواز نے کہاکہ پہلی بار ڈریسنگ روم میں جانا ایک خواب کی طرح تھا، کیونکہ شاہین، بابر،شاداب جیسے کھلاڑیوں کو ٹی وی پر کھیلتا دیکھتا تھا ۔
انکا مزید کہنا تھا کہ اسٹارپہن کر جب گراؤنڈ میں اترتے ہیں تو اس احساس کو بیان نہیں کیا جا سکتا، حسن نواز نے اپنی شادی کےحوالے سے چلنےوالی خبروں پر کہاکہ شادی کو 4 مہینے کاعرصہ ہوا ہے،بیگم کا زندگی میں اہم رول ہے۔