متنازع رن آؤٹ پر بھارتی کرکٹر محمد کیف بھی سلمان آغا کے حق میں بول پڑے

متنازع رن آؤٹ پر بھارتی کرکٹر محمد کیف بھی سلمان آغا کے حق میں بول پڑے
کیپشن: متنازع رن آؤٹ پر بھارتی کرکٹر محمد کیف بھی سلمان آغا کے حق میں بول پڑے

ویب ڈیسک: بنگلا دیش کے کپتان مہدی حسن میراز کی جانب سے پاکستانی بلے باز سلمان علی آغا کو متنازع انداز میں رن آؤٹ کرنے کے معاملے پر پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ بھارتی کرکٹرز نے بھی ردعمل دینا شروع کر دیا ہے اور اس اقدام کو غیر اخلاقی قرار دیا جا رہا ہے۔

اسی حوالے سے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر محمد کیف بھی سلمان علی آغا کے حق میں سامنے آ گئے ہیں۔

محمد کیف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مہدی حسن میراز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وکٹ حاصل کرنے کی بے صبری اس طرح کے رن آؤٹ کو درست قرار نہیں دے سکتی۔

انہوں نے کہا کہ یہ عمل ایک کپتان کی جانب سے کیا گیا جو مناسب نہیں تھا۔ محمد کیف کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ چاہے ورلڈ کپ کا فائنل ہی کیوں نہ داؤ پر لگا ہو، ایسا کام نہیں کرنا چاہیے جیسا بنگلا دیش کے کپتان نے کیا کیونکہ فیئر پلے کے بغیر کھیل اپنی اصل روح کھو دیتا ہے۔

واضح رہے کہ دوسرے ایک روزہ میچ میں مہدی حسن میراز نے سلمان علی آغا کو نان اسٹرائیکر اینڈ پر متنازع انداز میں رن آؤٹ کیا تھا جس پر پاکستانی بلے باز نے میدان سے باہر جاتے ہوئے ناراضی کا اظہار بھی کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجا نے بھی مہدی حسن میراز کے اس عمل کو کھیل کی روح کے منافی قرار دیا تھا۔

Watch Live Public News