(ویب ڈیسک ) پشاور ہائیکورٹ نے ملٹری کورٹ سزاؤں کے خلاف دائر تینوں درخواستوں کو خارج کردیا۔
پشاور ہائیکورٹ میں ملٹری کورٹ سزاؤں کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ سماعت جسٹس صاحبزادہ اسداللہ اور جسٹس فضل سبحان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔
عدالت نے ملزمان کو ملٹری کورٹ کی جانب سے دی گئیں سزاؤں کو درست قرار دے دیا۔ عدالت نے ملٹری کورٹ سزاوں کے خلاف دائر تینوں درخواستوں کو خارج کردیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل اٹارجی جنرل ثناء اللہ نے عدالت کو بتایا کہ ملٹری کورٹ نے ملزمان کو سزائیں قانون کے مطابق دی ہیں، ملزمان نے مجسٹریٹ کے سامنے اقبال جرم کیا، ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، ملٹری کورٹ نے ایک ملزم کو عمرقید، ایک کو 20 سال جبکہ تیسرے ملزم کو 16 سال قید کی سزا دی ہے، ملٹری کورٹ نے تمام تقاضے پورے کئے تھے، ملزمان کو اپیل کا حق اور اپنی مرضی کا وکیل دیا گیا تھا۔
بعد ازاں پشاور ہائیکورٹ نے ملٹری کورٹ سزاؤں کے خلاف دائر تینوں درخواستیں خارج کرتے ہوئے ملٹری کورٹ کی سزاؤں کو درست قرار دے دیا۔