پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے سبسڈی کا اعلان، پیٹرول سبسڈی حاصل کرنے کا طریقہ جانیئے

پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے سبسڈی کا اعلان، پیٹرول سبسڈی حاصل کرنے کا طریقہ جانیئے

(ویب ڈیسک):وفاقی حکومت نے مہنگائی سے متاثرہ عوام کے لیے پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے سبسڈی دینے کا طریقہ کار باضابطہ طور پر جاری کر دیا ہے۔

وفاقی وزراء عطا تارڑ اور علی پرویز ملک کے ہمراہ اسلام آباد میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ آئی ٹی شزا فاطمہ نے اسکیم کے خدوخال اور طریقہ کار کی تفصیلات بتائیں۔

شزا فاطمہ نے کہا کہ اس ریلیف اسکیم کے تحت 2 ویلر ( موٹر سائیکلز)، 3 ویلر (رکشہ) اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو رعایت دی جائے گی۔ 2 اور 3 ویلرز کے لیے ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ صارف اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ سم سے میسج ٹائپ کرے گا۔ میسج میں REG لکھ کر اسپیس دیں، پھر شناختی کارڈ نمبر، اپنے صوبے کے نام کا پہلا حرف (مثلاً سندھ کے لیے S) اور بائیک یا گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ لکھ کر 9771 پر ایس ایم ایس بھیجنا ہوگا۔

وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے  کہا کہ رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد جب بھی صارف پیٹرول پمپ پر جائے گا، تو وہ 9771 پر TOK لکھ کر میسج کرے گا۔ جوابی میسج میں موصول ہونے والا تصدیقی ٹوکن پیٹرول پمپ پر دکھا کر فی لیٹر 100 روپے کی سبسڈی حاصل کی جا سکے گی۔

وفاقی وزیر نے شہریوں کو متنبہ کیا کہ وہ اپنا شناختی کارڈ نمبر یا کوئی بھی حساس ذاتی ڈیٹا کسی سے شیئر نہ کریں۔ حکومت شہریوں سے نہ کوئی اضافی ڈیٹا مانگے گی اور نہ ہی اس سروس کے کوئی چارجز وصول کیے جائیں گے۔

واض رہے کہ حکومتی اسکیم کے تحت اسلام آباد کے شہری 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب 12 بجے سے جبکہ ملک بھر بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے شہری 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب 12 بجے سے پیٹرول پر ریلیف حاصل کر سکیں گے۔

Watch Live Public News