ویب ڈیسک: عالمی جوہری توانائی ایجنسی ( آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے کہا ہے کہ ایران پر یورینیئم افزودگی سے متعلق کسی بھی پابندی کا فیصلہ تکنیکی نہیں بلکہ سیاسی نوعیت کا ہوگا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق، رافیل گروسی کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ کسی ممکنہ معاہدے میں یہ طے کرنا کہ ایران کتنے عرصے تک افزودگی سے باز رہے گا، مکمل طور پر فریقین کی سیاسی حکمت عملی اور مذاکرات پر منحصر ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس حوالے سے مدت کا تعین سائنسی نہیں بلکہ سیاسی فیصلہ ہوگا۔
دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مذاکرات کسی نتیجے کے بغیر ختم ہوگئے، جہاں اہم اختلافات برقرار رہے۔ ان میں سب سے بڑا نکتہ ایران کی جانب سے یورینیئم افزودگی معطل کرنے کی مدت تھا، جس پر مغربی ممالک کو خدشہ ہے کہ اسے ممکنہ طور پر ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔