ویب ڈیسک: معروف امریکی ملٹی نیشنل کمپنی ایمیزون کے بانی اور دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل جیف بیزوس کی والدہ، جیکی بیزوس، 78 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کا انتقال 14 اگست کو ہوا، جس کی تصدیق اہلخانہ کی جانب سے کی گئی۔
جیف بیزوس نے اپنی والدہ کے انتقال کی خبر ایک جذباتی بیان کے ذریعے شیئر کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ جیکی بیزوس گزشتہ چار سال سے ایک خطرناک بیماری Lewy body dementia کا سامنا کر رہی تھیں۔ یہ ایک پیچیدہ دماغی مرض ہے جو سوچنے، چلنے پھرنے، مزاج اور رویے کو متاثر کرتا ہے۔ بیزوس کے مطابق، 2020 میں اس بیماری کی تشخیص کے بعد سے ان کی والدہ کی صحت بتدریج بگڑتی چلی گئی۔
جیف بیزوس نے کہا کہ والدہ کے آخری لمحات میں ان کے شوہر مائیک بیزوس، بچے، پوتے پوتیاں اور دیگر قریبی عزیز ان کے پاس موجود تھے۔ انہوں نے والدہ سے گہری محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مضبوط، محبت کرنے والی اور حوصلہ دینے والی شخصیت تھیں، جنہوں نے ان کی زندگی اور کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جیکی بیزوس نے اپنی زندگی میں نہ صرف اپنے بچوں کی پرورش پر بھرپور توجہ دی بلکہ مختلف فلاحی کاموں میں بھی سرگرم رہیں۔ وہ تعلیم اور بچوں کی فلاح کے منصوبوں میں شمولیت کے لیے جانی جاتی تھیں۔
مرحومہ اپنے پسماندگان میں بیٹے جیف بیزوس اور مارک بیزوس، بیٹی کرسٹینا بیزوس، شوہر مائیک بیزوس، 11 پوتے پوتیاں اور ایک پڑپوتی کو چھوڑ گئی ہیں۔ اہلخانہ نے عوام سے درخواست کی ہے کہ اس مشکل وقت میں ان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔