مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل، آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں شدید بارش

مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل، آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں شدید بارش

ویب ڈیسک:کے پی کے اور ملک کے بالائی علاقوں میں شدید طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کردیا، پی ڈی ایم اے  پنجاب نے موسمی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ تمام اضلاع کو صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی، مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل قدرے زیادہ مضبوط ہے طوفانی بارشوں کی پیشگوئی ہے ۔

دریاؤں ندی نالوں اور نشیبی علاقوں کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے، پی ڈی ایم اے پنجاب صوبائی ایمرجنسی کنٹرول روم ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز سے 24 گھنٹے رابطے میں ہے ۔

موسمی رپورٹس کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے ۔بالائی پنجاب کے اضلاع میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کے خدشات ہیں انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات کی۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کی لائف بوٹس لائف رنگز اور ریسکیو سامان سٹینڈ بائی رکھنے کے احکامات جاری کردیے، ریسکیو سول ڈیفنس محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی۔

 ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہسپتالوں میں عملے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ، پی ڈی ایم اے پنجاب سے اضلاع کو ہر طرح کی امداد فراہم کی جائے گی، تمام اضلاع کی انتظامیہ ہائی الرٹ رہے۔

ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو ٹیموں کو پیشگی حساس مقامات پر تعینات کریں، موسلادھار بارش کی صورت میں شہریوں کو پیشگی آگاہ کریں، ریسکیو آپریشن کے لیے پٹرول و ڈیزل کا اسٹاک وافر مقدار میں ہونا چاہیے۔ 

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہسپتالوں میں عملہ کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات کی،  تمام حساس مقامات بالخصوص ہسپتالوں کے اطراف نکاسی آب کو یقینی بنایا جائے۔ 

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا مزید کہنا تھا کہ مساجد میں اعلانات اور لوکل سطح پر شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایات جاری کی جائیں، شہریوں سے التماس ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے مکمل تعاون کریں، پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

Watch Live Public News