ویب ڈیسک: جاپان کے صوبے چیبا میں ریکارڈ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث کم از کم 8 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ ہزاروں مسافر ناریٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پھنس گئے۔
جاپانی محکمہ موسمیات کے مطابق چیبا اور گرد و نواح میں 24 گھنٹوں کے دوران 360 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد علاقے میں پہلی مرتبہ پانچویں درجے کی ہنگامی وارننگ جاری کی گئی۔
شدید بارش کے باعث سڑکیں اور ریلوے ٹریک زیرِ آب آگئے، جس سے ٹرانسپورٹ کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ متعدد پروازیں منسوخ ہونے اور زمینی رابطے منقطع ہونے کے باعث تقریباً 7 ہزار مسافر ناریٹا ایئرپورٹ پر پھنس گئے۔
سیلاب کے خطرے کے پیش نظر ایک لاکھ سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب بجلی کے سب اسٹیشنز زیرِ آب آنے سے 20 ہزار سے 25 ہزار گھر بجلی سے محروم ہوگئے۔ صورتحال سے نمٹنے اور امدادی سرگرمیوں میں معاونت کے لیے جاپانی فوج کے اہلکار بھی متاثرہ علاقوں میں تعینات کردیے گئے ہیں۔