جماعت اسلامی کا کل ملک گیر احتجاج اور دھرنوں کا اعلان

جماعت اسلامی کا کل ملک گیر احتجاج اور دھرنوں کا اعلان
کیپشن: جماعت اسلامی کا کل ملک گیر احتجاج اور دھرنوں کا اعلان

ویب ڈیسک: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، بھاری ٹیکسز اور مہنگائی کے خلاف کل ملک بھر میں احتجاج اور دھرنوں کا اعلان کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پنجاب میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا شام 4 بجے وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے ہوگا، جبکہ دیگر صوبوں میں گورنر ہاؤسز کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔

انہوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اخراجات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی اور اپنے اخراجات کے مقررہ اہداف سے تجاوز کرچکی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہر لیٹر پیٹرول پر موٹر سائیکل سواروں سے 130 روپے تک لیوی وصول کی جارہی ہے، جو عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں۔

امیر جماعت اسلامی نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو جاری احتجاجی تحریک حکومت مخالف تحریک میں تبدیل ہوسکتی ہے۔

Watch Live Public News