آزاد کشمیر انتخابات: ن لیگ 25 نشستوں کے ساتھ سرفہرست

آزاد کشمیر انتخابات: ن لیگ 25 نشستوں کے ساتھ سرفہرست
کیپشن: آزاد کشمیر انتخابات: ن لیگ 25 نشستوں کے ساتھ سرفہرست

ویب ڈیسک: آزاد جموں و کشمیر کے 2026 کے عام انتخابات میں باغ کے دونوں حلقوں کے نتائج سامنے آنے کے بعد انتخابی عمل کا اہم مرحلہ مکمل ہوگیا۔ باغ میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے ایک، ایک نشست حاصل کرلی۔

ایل اے 15 وسطی باغ سے پیپلز پارٹی کے سردار ضیاء القمر کامیاب ہوئے، جبکہ ایل اے 16 شرقی باغ سے مسلم لیگ (ن) کے سردار میر اکبر خان نے کامیابی حاصل کی۔ ایل اے 15 کے 9 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ اور گنتی کے بعد پیپلز پارٹی کے سردار ضیاء القمر نے مسلم لیگ (ن) کے مشتاق منہاس کو شکست دی۔

دوسری جانب ایل اے 16 شرقی باغ میں مسلم لیگ (ن) کے سردار میر اکبر خان نے 20 ہزار 793 ووٹ حاصل کرکے کامیابی سمیٹی، جبکہ پیپلز پارٹی کے سردار قمر الزمان 16 ہزار 963 ووٹ لے سکے۔ میر اکبر خان نے 3 ہزار 830 ووٹوں کی برتری سے نشست جیتی۔

باغ کے دونوں حلقوں کے نتائج کے بعد آزاد کشمیر اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی مجموعی نشستوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی 12 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اس طرح حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ (ن) کی پوزیشن مزید مضبوط ہوگئی ہے۔

تاہم راولاکوٹ اور سدھنوتی کے 7 حلقوں میں ضمنی انتخابات ہونا باقی ہیں، جن کے نتائج اسمبلی میں جماعتوں کی حتمی پارلیمانی پوزیشن پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔

باغ کے نتائج کو آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، جہاں دونوں بڑی جماعتوں نے ایک، ایک نشست حاصل کرکے اپنی سیاسی موجودگی برقرار رکھی ہے۔

Watch Live Public News