ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بیشتر علاقوں میں داخل ہوگا، جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش جبکہ بلند مقامات پر برفباری متوقع ہے۔ اسی طرح کشمیر، مری اور گلیات میں بھی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے چند مقامات پر بارش اور ہلکی برفباری متوقع ہے۔
شمال مغربی بلوچستان میں بھی چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں اسموگ اور دھند چھائے رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 14 سے 15 دسمبر کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔ اس دوران راولپنڈی، اسلام آباد اور پشاور میں بوندا باندی جبکہ مری میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ مزید یہ کہ 19 دسمبر سے مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
دھند کے باعث موٹر ویز بند
دوسری جانب شدید دھند کے باعث مختلف موٹر ویز پر گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا تھا۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 4 فیصل آباد سے ملتان تک جبکہ موٹروے ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک بند رکھی گئی۔
ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا کہ موٹر ویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے روڈ یوزرز لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں۔ مزید رہنمائی اور مدد کے لیے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔