علی امین گنڈا پور کے پنجاب میں داخلے پر پابندی عائد

علی امین گنڈا پور کے پنجاب میں داخلے پر پابندی عائد
پنجاب حکومت نے تحریک انصاف کے رہنماء علی امین گنڈا پور کے پنجاب میں داخلے پر پابندی عائد کر دی. صوبائی وزیر داخلہ عطا اللہ تارڑ کا امن و امان اور ضمنی الیکشن کے دوران سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش پر دفعہ 144 کا نفاذ عمل میں لایا جا چکا ہے ۔ الیکشن کے دوران کسی کو اسلحہ رکھنے کی اجازت نہ ہوگی ۔ اسلحہ سے پاک کمپین کے دوران پولیس نے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا ۔ صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دھاندلی کا الزام لگانے والے اب افسران کو دھمکیاں دینے پر اتر آئے ہیں۔ تحریک انصاف یقینی شکست دیکھ کر لوگوں کو بدامنی پر اکسا رہی ہے ۔ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے علی امین گنڈا پور اور مقبول گجر کے پنجاب داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ پنجاب حکومت کی اطلاعات تھیں اور الیکشن کمیشن کی طرف سے بھی خط موصول ہوا ہے کہ علی امین گنڈا پور اور مقبول گجر پنجاب میں پرتشدد کاروائیاں کرنا چاہتے ہیں ۔ پنجاب میں پرامن ،صاف اور شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلحہ کے خلاف مکمل کریک ڈاؤن کیا جائے گا ۔ بد امنی پھیلانے والے عناصر سے قانون آہنی ہاتھوں سے نمٹے گا ۔ تحریک انصاف کے مسلح جتھے اپنی سازش میں ناکام ہوں گے ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔