پشاور میں سعودی ایئرلائن کے دفتر کا افتتاح

پشاور میں سعودی ایئرلائن کے دفتر کا افتتاح
کیپشن: پشاور میں سعودی ایئرلائن کے دفتر کا افتتاح

ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت پشاور میں سعودی ایئرلائن (السعودیہ) کے دفتر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا، جس سے خیبرپختونخوا کے شہریوں، خصوصاً حج اور عمرہ زائرین، کو سفری سہولیات کی فراہمی میں آسانی ہوگی۔

افتتاحی تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سعودی سفیر کا خیبرپختونخوا کا دورہ صوبے کے لیے خوش آئند اور مثبت پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پشاور میں سعودی ایئرلائن کے دفتر کے قیام سے مسافروں کو ٹکٹوں، بکنگ اور دیگر سفری خدمات تک آسان رسائی حاصل ہوگی، جبکہ حج اور عمرہ کے لیے سفر کرنے والے افراد کو بھی سہولت میسر آئے گی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے ہر سال ہزاروں افراد حج اور عمرہ کی سعادت حاصل کرتے ہیں، اسی لیے صوبائی دارالحکومت میں سعودی ایئرلائن کے دفتر کا قیام ایک اہم سنگ میل ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے اس موقع پر سعودی سفیر سے پشاور میں سعودی قونصل خانے کے قیام کی درخواست بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہمیشہ برادرانہ، تاریخی اور مضبوط رہے ہیں، جبکہ سعودی عرب نے مختلف مواقع پر پاکستان کی بھرپور معاونت کی ہے۔

Watch Live Public News