(ویب ڈیسک) نیشنل ریزسٹنٹ فرنٹ کے رہنما احمد مسعود کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نے دہشت گرد گروہوں کی حمایت کیلئے افغانستان کے عوام کو قربان کر دیا۔
افغانستان کی نیشنل ریزسٹنٹ فرنٹ کے رہنما احمد مسعودنے طالبان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے افغانستان کے عوام کو دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کی خاطر قربان کر دیا ہے۔
یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جو عبد لعلی مزاری کی شہادت کی 31ویں برسی کے موقع پر منعقد کی گئی تھی۔ مزاری اسلامک یونیٹی پارٹی آف افغانستان ( Islamic Unity Party of Afghanistan) کے سابق رہنما تھے۔
احمد مسعود نے کہا کہ طالبان مختلف دہشت گرد تنظیموں کو محفوظ پناہ گاہ فراہم کر رہے ہیں، جن میں القاعدہ،جیش العدل،ٹی ٹی پی اور انصاراللہ شامل ہیں ۔ ان کے مطابق ان تنظیموں کو پناہ دینے کی وجہ سے افغانستان سکیورٹی اور جغرافیائی سیاست کے کھیل کا میدان بن چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی فوج کی جانب سے افغان سرزمین پر ہونے والے حملے بھی اسی صورتحال کا نتیجہ ہیں، اور موجودہ بحران کی بنیادی وجہ طالبان کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیاں اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت ہے۔
احمد مسعود کے مطابق طالبان کی جانب سے مختلف شدت پسند گروہوں کو پناہ دینے کے باعث نہ صرف موجودہ بحران پیدا ہوا بلکہ گزشتہ کئی برسوں سے افغانستان کو مسلسل سکیورٹی مسائل اور جغرافیائی تنازعات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ آج جو جنگ اور کشیدگی دیکھنے میں آ رہی ہے، وہ انہی غیر دانشمندانہ فیصلوں کا نتیجہ ہے۔