ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نفرت کی سیاست نے ملک کو نقصان کے سوا کچھ نہیں دیا، اب وقت ہے کہ ہم ذاتی انا کو ترک کر کے پاکستان کے مفاد میں متحد ہوں۔
گندم انیشیٹو پروگرام کے تحت گرین ٹریکٹرز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم نے پاک افواج کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کر کے ثابت کیا کہ پاکستان کی سلامتی سب سے مقدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "یہ جنگ صرف سرحدوں کی نہیں بلکہ نظریات اور عزم کی جنگ تھی، جس میں قوم اور افواج نے مل کر دشمن کو جواب دیا۔"
معاشی بحالی اور زرعی ترقی کا اعلان
وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی معیشت میں حیران کن استحکام آیا ہے، مہنگائی میں کمی، بجلی کی قیمتوں میں کمی اور سٹاک مارکیٹ کی تیزی اس کی عکاس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے زرعی شعبے کو ترجیح دیتے ہوئے کسان کارڈ متعارف کرایا ہے، جس کے تحت فی ایکڑ 5 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔ جو کسان 10 ایکڑ پر گندم کاشت کرے گا، وہ 50 ہزار روپے حاصل کرے گا۔
سولر سبسڈی اور زرعی سہولیات
وزیراعلیٰ نے کسانوں کے لیے سولر سسٹمز پر سبسڈی کا بھی اعلان کیا:
10 کے وی سولر سسٹم پر 95 فیصد سبسڈی
15 کے وی سسٹم پر 90 فیصد سبسڈی
انہوں نے بتایا کہ کاشتکاروں کو سستی کھاد، معیاری بیج اور جدید زرعی آلات پر بھی سبسڈی دی جا رہی ہے، جبکہ زرعی مالز جلد مکمل ہو رہے ہیں جہاں کسانوں کو تمام سہولیات میسر آئیں گی۔
گرین ٹریکٹر اسکیم اور کسان کارڈ کی تفصیل
تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے گرین ٹریکٹرز کی فراہمی کے پہلے مرحلے میں 9500 کسانوں کو شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے ٹریکٹرز دیے۔ دوسرے مرحلے میں مزید 25 ہزار ٹریکٹرز سبسڈی پر دیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ 150 ارب روپے کی لاگت سے جاری کسان کارڈ اسکیم سے ساڑھے 7 لاکھ کاشتکار مستفید ہوں گے۔