(ویب ڈیسک ) سینیٹ میں افواج پاکستان کے انڈیا کو موثر جواب دینے پر قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ قرار داد میں بھارت کو منہ توڑ جواب پر پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قراداد ایوان میں پیش کی۔قرار داد میں کہا گیا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص کو کامیابی سے تکمیل ہونے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان کی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
قرارداد کےمتن کے مطابق سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی یک جہتی کا ثبوت دیا گیا، پروفیشنل ملٹری آپریشن پر ایئر فورس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی طرف سے پاکستان میں مساجد معصوم شہریوں پر حملہ کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہے گا، پاکستان مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل ہمیشہ بات چیت کرنے کا خواہاں ہے۔
قرار داد کے متن کے مطابق پاکستان اس طرح کی مس ایڈونچر کا بھارت کو بھرپور جواب دیتا رہے گا۔
قرارداد کے متن کے مطاق پاکستان نے علاقائی اور عالمی امن کے مکمل عزم کا اعادہ کیا، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، سندھ طاس معاہدہ پاکستان کی سلامتی کا مسئلہ ہے۔