ویب ڈیسک: روسی وزارت خارجہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جھڑپوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
روسی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔ اس لیے پاکستان اور افغانستان کو اپنے اختلافات سفارتی اور سیاسی طریقوں سے حل کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور کابل کو جلد از جلد تعمیری بات چیت کا آغاز کرنا چاہیے اور دونوں دوست ممالک کو علاقائی سلامتی کے لیے تعاون بڑھانا چاہیے۔
روسی وزارت خارجہ نے پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 10 اور 11 اکتوبر کو شدید جھڑپیں اور فضائی حملے ہوئے، اسلام آباد اور کابل نے سرحدی جھڑپ پر مختلف موقف پیش کیا۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاک افغان جھڑپ پر ردعمل بھی سامنے آیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے اقدامات کریں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی سے آگاہ ہیں اور مشرق وسطیٰ سے واپس آنے کے بعد صورتحال کو حل کر لیں گے۔
امریکہ سے اسرائیل جاتے ہوئے ایئر فورس ون پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا تھا کہ انہیں واپس آ کر اس معاملے کو دیکھنا ہو گا۔