ویب ڈیسک: موٹروے پر سپریم کورٹ کی معزز جج جسٹس عائشہ اے ملک کے اسکواڈ کی گاڑی ایک افسوسناک حادثے کا شکار ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ کالا شاہ کاکو کے قریب پیش آیا جب جسٹس عائشہ اے ملک اسلام آباد سے لاہور واپس آ رہی تھیں۔ حادثے کے نتیجے میں ایلیٹ فورس کے پانچ اہلکار زخمی ہوئے جبکہ خوش قسمتی سے جسٹس عائشہ اے ملک محفوظ رہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ ڈرائیور گاڑی کا توازن برقرار نہ رکھ سکا جس کے باعث گاڑی اُلٹ گئی۔ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچیں اور زخمی اہلکاروں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں تین اہلکار عمر، عبداللّٰہ اور مبشر کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔
حادثے کے بعد پولیس نے جسٹس عائشہ اے ملک کو مکمل سیکیورٹی کے ساتھ بحفاظت گھر پہنچا دیا۔ ذرائع کے مطابق، واقعے کے باعث موٹروے پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی تاہم بعد ازاں صورتحال معمول پر آ گئی۔