عالمی و مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری

عالمی و مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری
کیپشن: عالمی و مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری

ویب ڈیسک: عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار ہے اور ہفتے کے روز بھی قیمتی دھات کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ صرافہ بازار کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کے مقابلے میں عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط رویہ سونے کی قیمتوں پر اثر انداز ہو رہا ہے۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں ہفتے کے روز فی اونس سونے کی قیمت 9 ڈالر کم ہو کر 3 ہزار 335 ڈالر کی سطح پر آگئی۔ عالمی مارکیٹ میں اس کمی کا براہِ راست اثر پاکستان کی مقامی مارکیٹوں پر بھی پڑا، جہاں سونے کی قیمتیں نمایاں کمی کے ساتھ نیچے آگئیں۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی سطح پر 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 900 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 56 ہزار 200 روپے پر آ گئی۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 771 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 5 ہزار 384 روپے تک پہنچ گئی۔

دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی۔ صرافہ مارکیٹ کے مطابق فی تولہ چاندی کی قیمت 41 روپے کم ہو کر 4 ہزار 31 روپے رہی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 36 روپے کمی کے بعد 3 ہزار 455 روپے پر آگئی۔

مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر سرمایہ کار اس وقت ڈالر اور تیل کی قیمتوں کے رجحان کو دیکھتے ہوئے سونے کی خریداری میں محتاط ہیں۔ اس وجہ سے قیمتی دھات کی مانگ میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر یہ رجحان جاری رہا تو آئندہ دنوں میں بھی سونے کی قیمتوں میں کمی کا امکان موجود ہے۔

دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیاں سست روی کا شکار ہیں کیونکہ خریدار قیمتوں میں مزید کمی کے منتظر ہیں۔ جیولرز کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سطح پر کمی کا تسلسل برقرار رہا تو شادیوں کے سیزن میں سونے کی ڈیمانڈ بڑھنے کے باوجود قیمتوں میں نمایاں اضافہ نہیں ہوگا۔

Watch Live Public News