محکمہ موسمیات کی 16 سے 21 اگست تک بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی 16 سے 21 اگست تک بارشوں کی پیشگوئی

(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون ہواؤں کے داخل ہونے کے باعث 21 اگست تک مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کردی ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 17 اگست سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جو آئندہ چند روز تک برقرار رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 16 اگست کی شام یا رات سے 21 اگست تک کشمیر میں وادیٔ نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔

خیبر پختونخوا میں 17 اگست کی شام یا رات سے 21 اگست تک دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، ہنگو، کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور اور مردان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 20 اور 21 اگست کو کرک، ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور وزیرستان میں بھی بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں 16 اگست کی شام یا رات سے 21 اگست تک اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور نورپور تھل میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 20 اور 21 اگست کو فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔

گلگت بلتستان میں 18 سے 21 اگست کے دوران دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم بلوچستان کے موسیٰ خیل، بارکھان، ژوب، قلات اور خضدار میں 17 اگست کی شام یا رات سے 20 اگست کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 17 سے 20 اگست کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

اسی طرح خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو موسمی پیشگوئی کے دوران محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش اور تیز ہواؤں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد ممکنہ شہری سیلاب کے پیش نظر ضروری انتظامات پہلے سے مکمل رکھیں۔

کسانوں کو بھی موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے جبکہ مویشی پال حضرات کو جانوروں کی حفاظت کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Watch Live Public News