(ویب ڈیسک ) جنوب مشرقی یورپ کے ملک شمالی مقدونیہ کے نائٹ کلب میں آتشزدگی کے باعث 59 افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق شمالی مقدونیہ کے وزیر داخلہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ آتشزدگی کا واقعہ دارالحکومت اسکوپیے سے 100 کلومیٹر دور کوچانی شہر میں واقعہ ایک نائٹ کلب میں کانسرٹ کے دوران پیش آیا۔
انہوں نے کہا کہ نائٹ کلب میں جُھلس کر ہلاک ہونے والوں میں سے 35 افراد کی شناخت ہوگئی ہے، مرنے والوں میں سے بیشتر کا تعلق مقامی علاقوں سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ نوجوانوں نے آتشبازی کی جو چھت کو آگ لگانےکا سبب بنی۔
پولیس نے بتایا ہے کہ اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں، تحقیقات میں 4 افراد کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیےگئے ہیں۔
شمالی مقدونیہ کے وزیر اعظم ہرسٹیجن میکوسکی نے افسوس ناک واقعے پر کہا ہے کہ اتنے زیادہ نوجوان زندگیوں کا نقصان ناقابل تلافی ہے۔