ویب ڈیسک: بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسپنر کلدیپ یادیو نے اپنی بچپن کی دوست ونشیکا چڈھا سے شادی کر لی۔
شادی کی شاندار تقریب بھارت کے خوبصورت ہل اسٹیشن میسوری میں منعقد ہوئی، جہاں معروف لگژری ہوٹل کئی دنوں کے لیے خصوصی طور پر بک کیا گیا تھا۔ کلدیپ اور ونشیکا کا تعلق کانپور سے ہے اور وہ بچپن سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں۔ گزشتہ سال لکھنؤ میں دونوں کی نجی تقریب کے دوران منگنی ہوئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی پہلےنومبر 2025 میں طے تھی، لیکن کلدیپ یادیو نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کی شمولیت کے باعث اسے مؤخر کیا، جس میں بھارت نے کامیابی حاصل کی۔
تقریب میں کئی موجودہ اور سابق بھارتی کرکٹرز نے شرکت کی، جبکہ شادی سے قبل رنگا رنگ سنگیت کی تقریب بھی منعقد ہوئی، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ ایک ویڈیو میں جوڑے کو آتش بازی کے درمیان ہاتھ میں ہاتھ ڈالے چلتے دیکھا جا سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، ونشیکا چڈھا لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا میں ملازمت کرتی ہیں۔ سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے کلدیپ اور ونشیکا کو مبارکبادوں اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔