(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مسٹری اسپنر ابرار احمد نے آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے کیریئر میں پہلی بار پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
ابرار احمد نے افغانستان کے مایہ ناز لیگ اسپنر راشد خان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی بولرز کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر قبضہ جمایا۔
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے علاوہ وہ آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل بولنگ رینکنگ میں بھی دنیا کے دوسرے بہترین بولر کے طور پر براجمان ہیں۔
ابرار احمد نے رواں سال اب تک مجموعی طور پر 9 ٹی ٹوئنٹی میچز میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15 اہم وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز میں انہوں نے شاندار اکنامی کے ساتھ 6 وکٹیں حاصل کر کے اپنی رینکنگ میں زبردست چھلانگ لگائی۔
عالمی نمبر ون بننے پر ابرار احمد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "پاکستان کی نمائندگی کے بعد میرا سب سے بڑا خواب دنیا کا نمبر ون بولر بننا تھا، جو اللہ کے فضل سے پورا ہو گیا ہے۔"
انہوں نے کہا کہ اپنی بولنگ میں مستقل مزاجی لانے پر کی جانے والی مسلسل محنت نے ان کی کارکردگی کو اس مقام پر پہنچایا۔
ابرار احمد نے کہا کہ اب ان کی تمام تر توجہ ایشین گیمز پر مرکوز ہے، جہاں وہ بہترین پرفارمنس دے کر پاکستان کے لیے کرکٹ میں گولڈ میڈل جیتنا چاہتے ہیں۔