ویب ڈیسک: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس نے بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز بیرونِ ملک 100 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کر کے اپنا نام اعزازات کی فہرست میں درج کر لیا۔
سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری میچ میں محمد عباس نے میزبان کپتان نجم الحسین شنٹو کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کے یہ سنگ میل عبور کیا۔
اس سے قبل محمد عباس نے بنگلا دیش کے دونوں اوپنرز محمود الحسن اور تنزاد حسن کو بھی پویلین بھیجا تھا۔ تیسری وکٹ کے بعد وہ بیرونِ ملک 100 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے پاکستان کے چھٹے فاسٹ بولر بن گئے۔ ان سے قبل اس فہرست میں وسیم اکرم، وقار یونس، عمران خان، محمد عامر اور عمر گل شامل ہیں۔
36 سالہ محمد عباس نے 2017 میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اب تک 51 اننگز میں 109 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، جن میں سے صرف 9 وکٹیں پاکستان کی سرزمین پر جبکہ باقی تمام غیرملکی زمین پر حاصل کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں محمد عباس نے پاکستان کو زبردست آغاز فراہم کیا، انہوں نے میچ کی دوسری ہی گیند پر محمود الحسن کی وکٹ لی پھر تنزاد حسن کو بھی پویلین بھیج کر بنگلا دیش کی ابتدائی مزاحمت توڑ دی۔