ویب ڈیسک: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 19 سے 22 مئی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع، جن میں راولپنڈی، اسلام آباد، مری، اٹک، چکوال، لاہور، سیالکوٹ، قصور اور ملتان شامل ہیں، میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
بلوچستان میں بھی کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن اور خضدار سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے، جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے علاقوں چترال، سوات، پشاور، بنوں، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور لنڈی کوتل میں بھی بارش اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں، بشمول گلگت، اسکردو، ہنزہ، مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ اور کوٹلی میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور تیز ہواؤں، کمزور تنصیبات اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔ حساس علاقوں کے مکینوں کو مقامی انتظامیہ اور موسمی ایڈوائزری پر عمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔