ویب ڈیسک: پنجاب میں کرشنگ شروع نہ کرنے والی شوگر ملوں کے خلاف ممکنہ کارروائی کے اعلان کے بعد صوبے کی نصف سے زائد فیکٹریوں نے گنے کی کرشنگ کا آغاز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کین کمشنر پنجاب نے بتایا کہ صوبے کی 27 شوگر ملز کرشنگ شروع کر چکی ہیں، جبکہ باقی 14 ملوں کا آج معائنہ کیا جائے گا جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کین کمشنر نے واضح کیا کہ جو شوگر ملز آج سے کرشنگ شروع نہیں کرتیں، ان پر 10 لاکھ روپے یومیہ جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس حوالے سے مکمل ایکشن پلان تیار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق کرشنگ سیزن کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں تاکہ کسانوں کو گنے کی بروقت ادائیگیاں یقینی بنائی جا سکیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ بازار میں نئی چینی کی آمد سے قیمتوں میں کمی آنے کی بھی توقع ہے۔