ویب ڈیسک: انگلینڈ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپین کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر 3-2 سے شکست دے کر مسلسل 44 میچز میں ناقابلِ شکست رہنے کا ریکارڈ ختم کر دیا، جبکہ بیلجیئم نے اٹلی کو 1-4 سے ہرا کر نیشنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
میڈرڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کی جانب سے ہیری کین نے پہلے ہاف کے اختتام پر پنالٹی پر گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔ دوسرے ہاف میں ایزری کونسا اور بین وائٹ نے مزید دو گول کرکے انگلینڈ کی برتری 3-0 کر دی۔
تاہم میچ کے 60ویں منٹ کے قریب ایلیٹ اینڈرسن کو لامین یامال کو پنالٹی ایریا میں روکنے پر ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا، جس کے بعد اسپین کو پنالٹی ملی۔ میکل اویارزابال نے گول کرکے خسارہ کم کیا، جبکہ نیکو ولیمز نے 15 منٹ قبل اختتام پر دوسرا گول کرکے مقابلہ دلچسپ بنا دیا۔ انگلینڈ نے آخری لمحات میں اسپین کے دباؤ کا مقابلہ کرتے ہوئے 3-2 سے کامیابی حاصل کر لی۔
اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ نے گروپ اے 3 میں 15 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ اتنے ہی پوائنٹس کے باوجود اسپین دوسرے نمبر پر رہا۔
انگلینڈ کے کوچ تھامس ٹوخل نے کامیابی کو اپنی کوچنگ کے دور کی بہترین کارکردگی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط حریف کے خلاف اس کے ہوم گراؤنڈ پر جیت ٹیم کی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔
دوسری جانب اسپین کے کوچ لوئس ڈی لا فوئنٹے نے شکست کے باوجود آئندہ مقابلوں میں بہتر کارکردگی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نئے چیلنجز کے لیے دوبارہ تیار ہو کر میدان میں اترے گی۔