اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز: پاکستان شاہینز دوحہ  روانہ، پاک بھارت ٹکراؤ 22 نومبر کو ہوگا

اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز: پاکستان شاہینز دوحہ  روانہ، پاک بھارت ٹکراؤ 22 نومبر کو ہوگا

(ویب ڈیسک) پاکستان شاہینز کا 15 رکنی اسکواڈ اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 میں شرکت کے لیے پیر کی علی الصباح کراچی سے دوحہ، قطر روانہ ہو گیا ہے، جہاں روایتی حریف بھارت 'اے' اور پاکستان شاہینز کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ 22 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

پاک بھارت ٹاکرے کا شدت سے انتظار :

پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز کو ٹورنامنٹ کے گروپ 'بی' میں روایتی حریف بھارت 'اے'، نیپال اور متحدہ عرب امارات (UAE) کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

پاکستان شاہینز اور بھارت 'اے' کا ہائی وولٹیج میچ 22 نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3:00 بجے کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل 2023 کے 50 اوورز کے فائنل میں پاکستان نے بھارت 'اے' کو 128 رنز سے شکست دی تھی جبکہ گزشتہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ کے ایڈیشن میں بنگلہ دیش 'اے' کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

کپتان عبدالصمد کا عزم اور روانگی:

روانگی سے قبل پی سی بی ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کپتان عبدالصمد نے کہا کہ ہماری تیاریاں بہترین ہیں۔ ہم نے پورا ہفتہ سناریو بیسڈ میچز کھیلے ہیں اور کوچنگ اسٹاف نے کھلاڑیوں کے ساتھ کڑی محنت کی ہے۔ ہمارا پہلا ہدف افتتاحی میچ جیت کر ایونٹ میں فتح کا مومینٹم قائم کرنا ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہم پاکستان کے لیے بہترین نتائج حاصل کریں گے۔

عبدالصمد کی قیادت میں 15 رکنی ٹیم دوحہ میں یکجا ہوگی، جہاں عمان میں اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کھیلنے والے علی رضا اور فرہان یوسف بھی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔

پاکستان شاہینز کا 15 رکنی اسکواڈ:

عبدالصمد (کپتان)، احمد دانیال، علی رضا، دانش عزیز، فرہان یوسف، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد حسنین، محمد عمران رندھاوا، روہیل نذیر (وکٹ کیپر)، سعد مسعود، شاہ زیب خان، شمیل حسین اور سفیان مقیم۔

پاکستان شاہینز کے میچز کا شیڈول (پاکستانی وقت کے مطابق):

20 نومبر: بمقابلہ متحدہ عرب امارات (صبح 11:00 بجے) – یونیورسٹی آف دوحہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی

22 نومبر (پاک-بھارت معرکہ): بمقابلہ بھارت 'اے' (دوپہر 3:00 بجے) – ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم

24 نومبر: بمقابلہ نیپال (دوپہر 3:00 بجے) – ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم

26 اور 27 نومبر: پہلا اور دوسرا سیمی فائنل (دوپہر 3:00 بجے)

29 نومبر: فائنل معرکہ (دوپہر 3:00 بجے)

Watch Live Public News