ویب ڈیسک: کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ حماس کے امن معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد غزہ کی تعمیر نو میں مدد کیلئے ضبط شدہ سونا بھیجیں گے۔
ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں صدر پیٹرو نے اعلان کیا کہ منشیات کے اسمگلروں سے ضبط کیا گیا سونا غزہ جنگ میں زخمی ہونے والے بچوں کے علاج کیلئے مالی امداد فراہم کرنے کیلئے بھیجا جائے گا۔ کولمبیا اس سے قبل بھی فلسطینی بچوں کو انسانی امداد فراہم کر چکا ہے۔
پیٹرو نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ کولمبیا اقوام متحدہ میں غزہ کی تعمیر نو کیلئے بین الاقوامی فوج بنانے کیلئے ایک قرارداد پیش کرے گا۔
خیال رہے کہ کولمبیا کے صدر طویل عرصے سے فلسطینی کاز کے پرجوش حامی رہے ہیں، تنازعات کے خاتمے کے حامی ہیں اور اسرائیل کی فوجی کارروائیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی عوامی سطح پر مذمت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے یہ بھی کہا ہے کہ غزہ کی تعمیر نو پر 70 ارب ڈالر لاگت آئے گی جس میں سے 20 ارب تین سال کے اندر سرمایہ کاری کے طور پر خرچ کیے جائیں گے۔