(ویب ڈیسک ) ذرائع کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن نے جسٹس علی باقر نجفی اورجسٹس عقیل عباسی کی آئینی بینچ کیلئے منظوری دیدی ہے۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ختم ہوگیا۔ جسٹس عقیل عباسی اور جسٹس علی باقر نجفی آئینی بینچ کے رکن نامزد کردیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن نے دونوں ججز کی آئینی بینچ کیلئے منظوری دی، دونوں ججز کی نامزدگی کے بعد آئینی بینچ میں ججز کی تعداد 15 ہوگئی۔ جوڈیشل کمیشن نے اکثریت رائے سے منظوری دی۔
ذرائع نے بتایا کہ جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر نے آئینی بنچ میں مزید ججز تعیناتی کی مخالفت کی، جسٹس جمال مندوخیل، بیرسٹر علی ظفر، بیرسٹر گوہر نے بھی مخالفت کی۔مخالفت کرنے والوں کا موقف تھا کہ پہلے ججز نامزدگی کیلئے رولز بنائے جائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس جمال مندوخیل نے دونوں ججوں کی منظوری کے عمل میں حصہ نہ لیا،انہوں نے کہا کہ میں رولز کمیٹی کا سربراہ ہوں، رولز بننے تک کوئی رائے نہیں دے سکتا۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس نے بھی جسٹس علی باقر نجفی کو ووٹ نہیں دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس عقیل عباسی کے نام کی منظوری آٹھ ووٹوں کی اکثریت سے دی گئی جبکہ جسٹس علی باقر نجفی کو سات ووٹ ملے۔