(ویب ڈیسک ) نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے شدید بارش، ژالہ باری اور آندھی سے متعلق الرٹ جاری کردیا۔
اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں شدید موسمی صورت حال کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
الرٹ کے مطابق 18 اور 19 اپریل کو شدید بارش اور بعض مقامات میں ژالہ باری کا امکان ہے۔ پنجاب کے علاقے بشمول اٹک، چکوال، گجرات، جہلم میں آندھی طوفان اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔
جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ وسطی پنجاب کے علاقے فیصل آباد، حافظ آباد، جھنگ، خوشاب، میانوالی، لاہور، نارووال، ساہیوال، سرگودھا اور شیخوپورہ بھی شدید موسمی زد میں آ سکتے ہیں،تیز ہواوں اور بارش سے بجلی کی بندش اور حادثات کا خدشہ ہے۔
الرٹ کے مطابق پنجاب میں ممکنہ شدید موسمی صورت حال کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔عوام اس دورانیے میں غیر ضروری سفر سے پرہیز کرے، کسان فصلوں کو نقصان سے بچانے کے لیے ضروری پیشگی انتظامات رکھے،آندھی و طوفان کی صورت میں کمزور عمارتوں اور درختوں سے دور رہیں۔