ویب ڈیسک: سندھ کابینہ نے صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں میں طلباء کی حاضری بہتر بنانے اور ڈراپ آؤٹ کی شرح کم کرنے کے لیے جدید ’اسٹوڈنٹ اٹینڈنس مانیٹرنگ سسٹم‘ کی منظوری دے دی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ ہر طالب علم کو ایک منفرد شناختی نمبر (Unique ID) دیا جائے گا اور اساتذہ موبائل ایپ کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر حاضری لگائیں گے۔ حاضری کا ڈیٹا لائیو ڈیش بورڈ پر ضلعی اور صوبائی سطح پر دیکھا جا سکے گا، اور غیر حاضر طلبہ کے لیے خودکار الرٹس بھی جاری ہوں گے۔
نئے نظام کے تحت اساتذہ کے موبائل فونز کے ذریعے حاضری ریکارڈ کی جائے گی، اور انٹرنیٹ و ڈیٹا کے اخراجات سکول کے بجٹ سے پورے کیے جائیں گے۔
اجلاس میں سرکاری یونیورسٹیوں کے 20,000 مستحق طلبہ کو ڈیجیٹل مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتوں کے لیے اسکالرشپس دینے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس نظام سے نہ صرف حاضری میں شفافیت آئے گی بلکہ اساتذہ کی کارکردگی کی مانیٹرنگ بھی بہتر ہوگی۔