ویب ڈیسک: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے نامور یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔
یوٹیوبر ڈکی بھائی کو گزشتہ روز لاہور ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ اب اُن کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
ڈکی بھائی کو لاہور ایئر پورٹ پہنچنے پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے گرفتار کیا تھا۔ ڈکی بھائی کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں تحقیقات چل رہی ہیں۔ یوٹیوبر ڈکی بھائی کا نام پی این آئی ایل فہرست میں شامل تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم پر آن لائن جوا کھیلنے والی ایپس کے ذریعے منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔ اس نے سوشل میڈیا پر جوا کھیلنے والی ایپس کو فروغ دیا۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے مطابق ملزم ڈکی بھائی سے موبائل فون، مشکوک واٹس ایپ نمبرز اور ڈیٹا حاصل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ملزم سے غیر قانونی ادائیگیوں کے ثبوت بھی ملے ہیں۔ معاملے کی تحقیقات جاری ہے جبکہ یوٹیوبر کے اثاثون کی چھان بین کی جا رہی ہے۔