ویب ڈیسک: عراق میں کرپشن کے ایک بڑے مقدمے کی تحقیقات کے دوران سابق نائب وزیرِ تیل عدنان الجمیلی کے گھر پر چھاپہ مار کر 2 کروڑ 34 لاکھ ڈالر، 20 کروڑ عراقی دینار اور 60 کلوگرام سونا ضبط کرلیا گیا۔
عراق کی سپریم جوڈیشل کونسل کے مطابق کارروائی عدنان الجمیلی اور دیگر افراد کے خلاف جاری بدعنوانی کی تحقیقات کا حصہ تھی۔ الجمیلی کو چند ہفتے قبل کرپشن کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا۔
عراقی خبر رساں ادارے وان کے مطابق مرکزی انسدادِ بدعنوانی فوجداری عدالت کے جج نے بتایا کہ کارروائی کردستان ریجن کے تعاون سے کی گئی، جس کے دوران 7 گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔
حکام کے مطابق ضبط کیے گئے اثاثوں اور رقوم کا تعلق مبینہ طور پر سرکاری منصوبوں میں بدانتظامی اور مالی بے ضابطگیوں سے ہے۔ تحقیقات کا مقصد مبینہ کرپشن سے حاصل ہونے والی مزید رقم اور اثاثوں کا سراغ لگا کر انہیں ضبط کرنا ہے۔
عدالت کے مطابق کیس میں دیگر ممکنہ ملزمان کی تلاش بھی جاری ہے، جبکہ عراقی حکام نے سرکاری منصوبوں میں بدعنوانی کے ذریعے حاصل کیے گئے فنڈز اور اثاثوں کی واپسی کے لیے کارروائیاں تیز کردی ہیں۔