یو اے ای کے سفیر و قونصل جنرل کی فریال تالپور سے ملاقات،تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

یو اے ای کے سفیر و قونصل جنرل کی فریال تالپور سے ملاقات،تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور سے یو اے ای  کے سفیر  اور قونصل جنرل نے ملاقات کی جس میں 
پاکستان–یو اے ای تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

متحدہ عرب امارات کے سفیر برائے پاکستان سالم محمد الزعبی  اور کراچی میں یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیثی نے اعلیٰ حکام کے ہمراہ آج زرداری ہاؤس، کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ کی صدر فریال تالپور سے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں سندھ کابینہ کے اراکین اور پارلیمنٹیرینز نے شرکت کی، جن میں وزیرِ داخلہ، قانون و پارلیمانی امور  ضیاء الحسن لنجار، وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی اور آبپاشی جام خان شورو، وزیرِ ثقافت، ذوالفقار علی شاہ، وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی  علی راشد، رکن صوبائی اسمبلی  سہیل انور سیال اور رکن صوبائی اسمبلی  قاسم سراج سومرو شامل تھے۔

ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی، جس میں معاشی ترقی، ثقافت، ٹیکنالوجی اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔

اس موقع پر یو اے ای کے سفیر اور قونصل جنرل نے اس بات  کا اعادہ کیا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کو ایک قابلِ اعتماد اور اسٹریٹجک برادر ملک سمجھتا ہے اور تجارت، سرمایہ کاری، ترقیاتی منصوبوں اور ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط عوامی روابط، بالخصوص یو اے ای میں مقیم پاکستانی برادری کی قیمتی خدمات، دوطرفہ تعلقات اور باہمی خوشحالی کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہیں۔

دونوں جانب سے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا کے طریقۂ کار کو مزید سہل اور مؤثر بنانے کی مشترکہ خواہش کا اظہار کیا گیا، تاکہ بھائی چارے اور دوستی کے جذبے کے تحت سفر، کاروبار، روزگار اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دیا جا سکے۔

 فریال تالپور نے سابق وزرائے اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے سفارت کاری، امن اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں تاریخی کردار کو اجاگر کیا، اور صدرِ مملکت  آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اس عزم کو دہرایا کہ برادر ممالک، خصوصاً متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید گہرا کیا جائے گا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے باہمی احترام اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون کے ذریعے پاکستان–یو اے ای دوستی اور بھائی چارے کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

Watch Live Public News