ویب ڈیسک:بگ بیش لیگ میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کی کارکردگی تاحال مایوس کن ہے، شائقین کرکٹ کو ایک بار پھر اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب بابر اعظم اپنے دوسرے میچ میں بھی جلد آؤٹ ہو گئے۔
میچ کے دوران بابر اعظم صرف 9 گیندیں کھیل سکے اور 9 رنز بنا کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ انگلش فاسٹ باؤلر لوک ووڈ نےجارحانہ گیند بازی کرتے ہوئے بابر کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا اور انہیں پویلین واپس بھیج دیا۔
بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم کی بیٹنگ لائن دباؤ کا شکار ہو گئی اور رنز بنانے میں مشکلات پیش آئیں۔ ایک اہم موقع پر تجربہ کار بلے باز کا جلد آؤٹ ہونا ٹیم کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا۔
اس کارکردگی پر سوشل میڈیا پر شائقین کرکٹ کی جانب سے مختلف آراء سامنے آئیں۔ کچھ مداحوں نے بابر اعظم کی فارم پر تشویش ظاہر کی جبکہ بعض صارفین نے ان پر تنقید بھی کی۔
کرکٹ مبصرین کے مطابق بابر اعظم کی حالیہ فارم سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے تاہم شائقین اب بھی پُرامید ہیں کہ وہ آنے والے میچز میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔
اس سے قبل بابر اعظم بگ بیش لیگ 2025-26 میں اپنے ڈیبیو میچ میں بھی متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے تھے، جس کے بعد انہیں خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ سڈنی سکسرز کی نمائندگی کرتے ہوئے بابر پہلی مرتبہ بی بی ایل کا حصہ بنے، تاہم بارش سے متاثرہ میچ میں ان کا آغاز مایوس کن ثابت ہوا۔
پرتھ اسکورچرز کے خلاف پرتھ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے 11 اوورز کے مختصر میچ میں بابر اعظم صرف 5 گیندوں پر 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ انہیں فاسٹ بولر بروڈی کاؤچ نے آؤٹ کیا۔