ویب ڈیسک: سعودی عرب میں کام کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے اسکل ویریفکیشن سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان “تکامول اسکل ویریفکیشن پروگرام” (SVP) کے نفاذ کا معاہدہ ہو گیا ہے، جو یکم جولائی سے نافذ العمل ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں ملازمت کے لیے اب پاکستانی اور دیگر ایشیائی ممالک کے ہنرمند افراد کو تکامول کے تحت اپنی مہارت کی تصدیق کرانا لازمی ہو گی۔ بغیر اسکل ویریفکیشن سعودی ورک ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب جانے والے امیدواروں کو تکامول ایس وی پی ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنا ہو گی، جس کے ذریعے مختلف پیشوں کے لیے مقررہ معیار کی جانچ کی جائے گی۔ اس پروگرام کے نفاذ میں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
امیدوار اسکل ویریفکیشن کے لیے تکامول کے آفیشل پورٹل پر رجسٹریشن مکمل کرنے کے بعد ٹیسٹ میں شرکت کریں گے۔ کامیابی کی صورت میں اسکل سرٹیفکیٹ 24 گھنٹوں کے اندر آن لائن دستیاب ہو گا۔
حکام کے مطابق اسکل ویریفکیشن سرٹیفکیٹ کی فیس تقریباً 50 امریکی ڈالر (تقریباً 14 ہزار پاکستانی روپے) مقرر کی گئی ہے۔