ویب ڈیسک: امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی سے متعلق سوال پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کے دوران جب ان سے اس معاملے پر سوال کیا گیا تو ترجمان نے کہا، "میرے پاس اس مخصوص موضوع پر کہنے کو کچھ نہیں، اس بارے میں بعد میں تفصیلی جواب دیا جائے گا۔"
پریس کانفرنس میں انہوں نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا، اسرائیل اور شام کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے متحرک کردار ادا کر رہا ہے، جب کہ غزہ کے مسئلے پر مذاکرات جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق جنگ بندی کی شرائط پر عملدرآمد کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے، تاہم انہوں نے غزہ میں ہونے والی حالیہ ہلاکتوں کا ذمہ دار حماس کو قرار دیا۔
روس اور یوکرین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ٹیمی بروس نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ روس کے رویے سے خوش نہیں ہیں، تاہم وہ اس تنازع کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے کے خواہاں ہیں۔