برطانیہ میں پابندی ختم، پی آئی اے نے مانچسٹر پروازوں کی اجازت مانگ لی

برطانیہ میں پابندی ختم، پی آئی اے نے مانچسٹر پروازوں کی اجازت مانگ لی
کیپشن: برطانیہ میں پابندی ختم، پی آئی اے نے مانچسٹر پروازوں کی اجازت مانگ لی

ویب ڈیسک: برطانیہ کی جانب سے پاکستانی ایئرلائنز پر عائد پابندی کے خاتمے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے یوکے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو مانچسٹر کے لیے پروازیں شروع کرنے کی باضابطہ درخواست دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کو برطانوی سول ایوی ایشن سے آئندہ چند روز میں پروازوں کی اجازت ملنے کی توقع ہے۔ ابتدائی مرحلے میں قومی ایئرلائن اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے پروازیں چلائے گی، جب کہ لندن اور برمنگھم کے لیے بعد میں علیحدہ درخواست دی جائے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ بدھ کو پانچ سال بعد برطانیہ نے پاکستانی ایئرلائنز پر سفری پابندیاں ختم کرتے ہوئے پاکستان کا نام ائیر سیفٹی واچ لسٹ سے نکال دیا تھا، جس کے بعد تمام پاکستانی ایئرلائنز اب برطانیہ کے لیے پروازیں چلانے کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔ تاہم، ہر ایئرلائن کو برطانوی فضائی حدود میں آپریشن کے لیے یوکے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔

یاد رہے کہ مئی 2020 میں کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے بعد اُس وقت کے وفاقی وزیر ہوا بازی نے پارلیمنٹ میں انکشاف کیا تھا کہ ملک میں ایک تہائی کمرشل پائلٹس کے پاس جعلی لائسنس موجود ہیں، جس کے بعد جون 2020 میں برطانیہ اور یورپی یونین نے پاکستانی ایئرلائنز پر سفری پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

Watch Live Public News